لاہور (پی این آئی) حکومت کا رمضان سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور “تحفہ”، 10 کلو سرکاری آٹے کا تھیلا 500 روپے سے زائد مہنگا کر دیا گیا، قیمت میں فوری اضافے کا اطلاق کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت نے عین رمضان المبارک کے آغاز سے صرف چند دن قبل صوبے کی عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران صوبائی حکومت نے سرکاری آٹے کی قیمت میں یکدم تقریباً 80 فیصد کا اضافہ کر دیا۔پنجاب میں سرکاری گندم اور آٹے پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں اب عمومی سبسڈی کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی، رمضان میں مفت آٹے کی تقسیم کیلئے محکمہ خوراک کی لائسنس یافتہ 11 ہزار دکانوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔10 کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 510 روپے اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد 10 کلو سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت 648 سے بڑھ کر 1158 روپے ہوگی۔سرکاری گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد نجی آٹا بھی مہنگا ہوگا، 20 کلو نجی آٹے کا تھیلا 2400 روپے میں فروخت کیا جائے گا، دوسری جانب سرکاری گندم کی قیمت فروخت 2300 سے بڑھ کر 3900 روپے فی من مقرر کر دی گئی ہے۔ نگران کابینہ نے فلار ملز کو فروخت کی جانے والی سرکاری گندم کی قیمت میں 1600 روپے فی من اضافے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں لیا ہے جب وفاقی حکومت رمضان المبارک میں پنجاب میں 60 ہزار روپے کم آمدن والے افراد کو مفت آٹا دینے کا دعویٰ کر رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں