زمان پارک کی صورتحال، ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامے، کہاں کہاں احتجاج کیا گیا؟

کوئٹہ/ پشاور/ کراچی /لاہور/راولپنڈی/ملتان/اسلام آباد(آئی این پی)سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کی خبر پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے سڑکوں پر نکل آئے،کراچی کے مختلف علاقوں اورنگی ٹان، فور کے، فائیو سٹار، داد چورنگی، ماری پور، قیوم آباد ، سٹار گیٹ، شاہین کمپلیکس، سہراب گوٹھ، حسن اسکوائر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے عمران خان کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔

اسلام آباد کے علاقے ترنول میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے جی ٹی روڈ بند کر دیا گیا، جس کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی، پولیس نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکن احتجاج کیلئے کمیٹی چوک پہنچے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔سابق وزیراعظم عمران خان کے آبائی حلقہ میں بھی پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین کی جانب سے کمرمشانی کے مقام پر روڈ بلاک کر دیا گیا، کبیروالا میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے ملتان اسلام آباد روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔خان پور میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے نواں کوٹ چوک پر احتجاج کیا، ملتان میں عمران خان کی گرفتاری کی خبر پر چونگی نمبر نو پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا، حکومت اور پولیس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔وزیرآباد میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا جس کے بعد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں، لکی مروت میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجا انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک کے مقام پر بند کر دیا۔کرک میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے انڈس ہائی وئے تنگوڑی چوک کے مقام پر بلاک کر دی، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدو رفت معطل ہو گئی، مظاہرین نے ٹائر جلا کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close