وزیر اعظم پورے پاکستان کے، صرف پنجاب میں سستے پیٹرول اور مفت آٹے کی اسکیم سوالیہ نشان ہے؟

کراچی(آئی این پی)جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر پروفیسر نظام الدین میمن نے کہاہے کہ توشہ خانہ چورقیادت سے ملک میں کسی تبدیلی اورخیر کی امید نہیں کی جا سکتی۔ اہل ودیانتدارقیادت ہی ملک وقوم کی تقدیربدل سکتی ہے، نام نہاد تعلیم یافتہ سرمایہ دار وڈیرے اخلاق و کرادرسے خالی ہیں۔گھڑی سے لیکر گاڑی، کھجورسے انناس تک جنہوں نے نہیں چھوڑاوہ خزانے کے ساتھ کیا کر رہے ہیں اس کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ وزیر اعظم تو پورے ملک کا ہوتا ہے، انکی جانب سے باقی ملک کو چھوڑ کرصرف پنجاب میں سستے پیٹرول اور مفت آٹے کی اسکیم سوالیہ نشان ہے؟ گندم کی غیر منصفانہ تقسیم کا مسئلہ ہی حل کر لیا جائے تو آٹا پورے ملک کے لیے سستا ہوجائے مگر یہ خانہ پری نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکمران مال واقتدارکے لالچ میں اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ قومی مفاد اور مہنگائی کے طوفان میں غریب عوام کی چیخیں اورآہیں بھی دکھائی وسنائی نہیں دے رہیں۔انہوں نے کہاکہ رمضان سر پر ہے لیکن مصنوعی مہنگائی ختم کرنے پر کوئی سنجیدہ نہیں۔اربوں کے بجٹ کے باوجود ہسپتال میں دوائی،عوام کوانصاف اورشہریوں کو امن نہیں مل پاتا۔ جماعت اسلامی عوام کے پاس ظالم حکمرانوں سے نجات کا پیغام لیکر جائیگی۔ عوام اپنے حالات کی بہتری کے لیے بیدار اوردیانتدار قیادت کا انتخاب کریں گے توہی مسائل حل ہوسکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں