عمران خان کی خاطر ہم جان دینے کو تیار ہیں، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی میدان میں آگئیں

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کے گیٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔زمان پارک میں کشیدگی پھیل گئی، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے زمان پارک کا دونوں طرف سے گھیراؤ کر لیا۔پولیس نے زمان پارک کے گیٹ نمبر ایک کا کنٹرول سنبھال لیا،زمان پارک کے گیٹ پر پولیس کی جانب سے شیلنگ بھی کی جا رہی ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے کیمپ بھی اکھاڑنا شروع کر دئیے۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا جا رہا ہے۔پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنان کو پیچھے دکھیل دیا۔پولیس نے 5 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے بھی آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال شروع کر دیا۔پولیس کا زمان پارک کی طرف مارچ جاری ہے۔پولیس کے دو افسران نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں۔پلے کارڈ کے اوپر نوٹس موصول کرانے کے حوالے سے تحریر موجود ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان نے بھی ڈنڈے پکڑ کر پوزیشن سنبھال لی۔ بکتر بند گاڑی بھی عمران خان کی رہائشگاہ پہنچ چکی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ شہادت سے کون ڈرتا ہے ہم جان دینے کے لیے تیار ہیں۔جبکہ مرکزی لیڈر شپ پولیس سے مذاکرات کے لیے زمان پارک سے باہر آ گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر سینئر رہنما پولیس سے مذاکرات کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close