لکی مروت اور ٹانک میں مردم شماری ٹیم پر حملہ، بڑا جانی نقصان ہو گیا

لکی مروت/ٹانک(آئی این پی)لکی مروت اور ٹانک میں مردم شماری ٹیم پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مردم شماری ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں مپیروالہ گائوں میں مردم شماری ٹیم اپنے کام میں مصروف تھی کہ 2بجکر 30 منٹ پراچانک دو نقاب پوش دہشت گردوں نے ان کی سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار دل جان شدید زخمی ہو گئے۔لکی مروت پولیس ترجمان کے مطابق زخمی پولیس اہلکار دل جان کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے،تاہم ٹیم کے دیگر ارکان محفوظ رہے۔حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ واقعے کے فورا بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دوسری جانب ٹانک میں گومل کے علاقہ کوٹ اعظم میں بھی مردم شماری کی ٹیم پرفائرنگ کی گئی، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار خان نواب شہید اور 8 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے علاقیمیں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے 8 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مردم شماری ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں