نواز شریف مفرور قیدی، جب بھی واپس آئیں گے سیدھا جیل جائیں گے، واضح کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف مفرور قیدی ہیں جب بھی واپس آئے سیدھا جیل جائیں گے، عمران خان کو مقدمات میں الجھا ناانتخابی مہم روکنے کی کوشش ہے۔

صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی سے سابق ارکان اسمبلی اور سینئر وکلاء نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی قانونی صورتحال اور انتخابی مہم سے متعلق بات چیت کی گئی۔صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کو مقدمات میں الجھا کر انتخابی مہم سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، عدلیہ نے توشہ خانہ رپورٹ پبلک کرکے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیا ہے، توشہ خانہ رپورٹ نے عمران خان کی بے گناہی ثابت کردی ہے۔الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول آنے کے بعد دفعہ 144کے نفاذ کا نوٹس لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف مفرور قیدی ہیں واپس آئے تو سیدھا جیل جائیں گے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کو لاہور میں دفعہ 144 اور ریلی سے متعلق درخواست کا معاملہ،الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت سے حقائق سے متعلق رپورٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے دفعہ 144 اور لاہور میں ریلی پر پابندی سے متعلق پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شفاف اور پرامن انتخابات کرانے کا پابند ہے،پی ٹی آئی کی درخواست کو مدِنظر رکھ کر صوبائی حکومت کل تک رپورٹ فراہم کرے،الیکشن کمیشن رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔ دوسری جانب پنجاب میں عام انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا ہے،وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمشنر پنجاب کو خط لکھ دیا۔

تحریک انصاف نے پنجاب میں الیکشن کیلئے ریٹرننگ آفیسرز ماتحت عدلیہ سے لینے کا مطالبہ کیا ہے۔میاں اسلم اقبال نے الیکشن کمیشن پنجاب آفس میں خط موصول کرایا،الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 50 اور 51 کے تحت خط لکھا گیا۔ خط میں کہا گیا کہ پنجاب کے انتخابات میں ریٹرننگ آفیسرز ماتحت عدلیہ سے لیے جائیں،صاف شفاف انتخابات کیلئے یہ عمل ضروری ہے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرری کر چکا ہے، پنجاب میں انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرر کی گئی،الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی تقرری کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا۔پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ڈی آر اوز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں، جبکہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے بھی آر اوز کا تقرر کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پی پی 144 سے پی پی 173 تک لاہور کے حلقوں میں الیکشن ہو گا،پنجاب میں 297 حلقوں میں بیورو کریٹس کو ریٹرننگ افسران تعینات کیا گیا،انتخابات کیلئے 297 آر اوز اور 594 اے آر اوز کی بھی تعیناتی کر دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close