نواز شریف کی کسی بھی وقت پاکستان واپسی کا امکان، ن لیگی کارکنان کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے سیاسی کاروبار کے لیے کتنی ماؤں کی گود اجاڑے گا؟ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا اور اب ملک کا امن و امان خراب کرنے پر تلے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کسی بھی وقت پاکستان آ سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان نے اقتدار کے خاتمے پر سائفر کا ڈرامہ رچایا جو خارجہ تعلقات پر اثر انداز ہوا، اب سائفر پر امریکا سے معافیاں مانگ رہا ہے، عمران خان فراڈیا انسان ہے، تمہیں توشہ خانہ، ملک کے خلاف فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ میں جواب دینا پڑے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان نے میڈیا کارکنوں پر بھی بد ترین تشدد کرایا اور لاشوں پر سیاست کی تاکہ افراتفری پھیلے، عمران خان کا ہر سیاسی تماشہ ناکام ہوا، لانگ مارچ، سائفر اور ’جیل بچو تحریک‘ کے بعد اب لاشوں پر سیاست کر رہا ہے، ظل شاہ کی لاش ہسپتال پہنچانے والی گاڑی کے ڈرائیور کو زمان پارک کیوں بلایا، مرحوم کے والد کوپیسے کیوں دیئے، سب سوالوں کے جواب دینا ہوں گے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے آج لاہور میں ہونے والی ریلی ملتوی کردی، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے بتایا کہ ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے، ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار چاہتے ہیں، ارباب اختیار شہر کے راستے کھول دیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر لاہور میں حکومت نے کرفیو لگا رکھا ہے، جب بھی عمران خان باہر نکلنے کی بات کرتا ہے یہ کرفیو لگا دیتے ہیں، الیکشن کے کاغذات نامزدگی جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں، 30اپریل کو الیکشن ہوگا اور ایک بڑی جماعت کو الیکشن مہم سے روکا جارہا ہے، حالاں کہ کسی جگہ سے بھی ہمارا روٹ پی ایس ایل کے روٹ سے نہیں ملتا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی ہے، ایک ننھی منی جماعت کی 18 گاٰڑیوں کا جلوس گزارنے کی اجازت ہے، ہم ریلی نکالنے لگتے ہیں تو کرفیو لگا دیا جاتا ہے، ایک امریکی کانگرس رکن نے بھی پاکستان کی صورتحال پر نوٹس لے لیا ہے کیوں کہ عمران خان کی جدوجہد آئین و قانون کے تحت ہے لیکن نگران حکومت کے ذریعے جمہوری نظام کو منجمند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close