غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں، آر ڈی اے نے چار مارکیٹنگ کمپنیوں کو نوٹس جاری کر دیا

راولپنڈی(آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کی تشہیر روکنے کے لیے چارمارکیٹنگ کمپنیوں کے مالکان کو نوٹسس جاری کر دیے ہیں جن میں انزو مارکیٹنگ، وال ریئل اسٹیٹ، ٹائٹینیم ایجنسی اور وائٹل مارکیٹنگ شامل ہیں۔ ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کے مطابق ایسی غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی تشہیر کرنا جن کی آر ڈی اے سے کوئی قانونی اجازت نہیں ہے،

جو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاسنگ سکیم رولز 2021 کے 46(1) کے تحت غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سپانسر اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا یا کسی بھی طریقے سے پلاٹوں یا ہاؤسنگ یونٹس کی فروخت کی تشہیر نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ جب تک کسی پروجیکٹ کو آر ڈی اے راولپنڈی سے این او سی نہیں ملتا اسے منظور شدہ یا قانونی منصوبہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ لیکن نجی مارکینگ کمپنیوں کے ویب سائٹس عوام الناس کو گمراہ کر رہی ہیں جو صرف اشتہارات کی تلاش میں بھاری رقم لگا رہے ہیں۔ ایسے منصوبوں کی مارکیٹنگ و پروجیکشن سے عام لوگوں کو یہ تاثر ملتا ہے کہ پراجیکٹ پہلے سے منظور شدہ اور قانونی ہے۔ایسی کمپنیوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ آپ اس غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جسس کے ذریعے غیر قانونی ہاسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے عام لوگوں کو دھوکہ دے سکتی ہے۔

ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے ان غیر قانونی سکیموں کے تمام مواد کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے جس سے غیر منظور شدہ، جعلی اور غیر قانونی ہاسنگ سکیموں میں پلاٹوں کی بکنگ کی صورت میں عام لوگوں سے پیسے کی بھاری لین دین شروع ہو سکتی ہے اس طرح الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عام لوگوں کو دھوکہ دیا جارہا ہے۔ مزید برآں، منصوبوں کی قانونی حیثیت آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر آسانی سے قابل رسائی ہے یا ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے سے براہ راست حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2021 کی عدم تعمیل کی صورت میں، آر ڈی اے متعلقہ قانون کے تحت کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں