پرندہ ٹکرایا یا کچھ اور؟ تحقیقات جاری، غیر ملکی طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا

کراچی(آئی این پی)کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ٹیک آف کے ٹھیک 11 منٹ بعد واپس اتار لیے گئے غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے کو انجن کے تفصیلی معائنے کے بعد فوری طور پر پرواز کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے گراؤنڈ کر دیا گیا۔کراچی سے دبئی کیلیے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 نے کراچی جناح ائیرپورٹ سے مقررہ وقت سے 12 منٹ کی تاخیر سے صبح 10:07 بجے ٹیک آف کیا تھا۔

اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی بوئنگ 737 ایک انجن سے شدید غڑغڑاہٹ کی آوازیں آنے پر پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے پرندہ ٹکرانے کی اطلاع دی۔جس پر ائیر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو فوری لینڈنگ کی ہدایت کی۔ طیارہ انتہائی نچلی پرواز کرتے ہوئے روانگی کے ٹھیک 11 منٹ بعد جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 10 بج کر 18 منٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔طیارے میں سوار ایک مسافر نے بتایا کہ اڑان بھرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی طیارے کے انجن سے خوفناک آوازیں آئیں، مسافروں کو فوری طور پر طیارے سے اتار کر ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا۔ترجمان ایوی ایشن نے تیاری کا معائنہ مکمل ہونے کے بعد غیر ملکی طیارے سے برڈ ہٹ معاملہ مشکوک قرار دیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی ترجمان کے مطابق فلائی دبئی فلائٹ کے پائلٹ نے انجن نمبر 2 میں تھرتھراہٹ رپورٹ کی اور جہاز واپس اتارنے کی اجازت مانگی، اس موقع پر کسی قسم کے ہنگامی اقدامات کی ضرورت نہیں پڑی۔ ترجمان نے بتایا کہ رن وے اور جہاز کے انجن کے معائنے پر برڈ ہٹ کے شواہد نہیں ملے البتہ معائنے پر انجن کے تین بلیڈ تسلی بخش پوزیشن حالت میں نہیں تھے، ٹیڑھے پائے گئے۔ذرائع کے مطابق طیارے کے انجن میں شدید نقص کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں، حکام نے تفصیلی معائنے کے بعد طیارے کو فوری پرواز کرنے کے قابل قرار نہیں دیا جس پر اسے گراؤنڈ کردیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں