عمران خان کا دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) دفعہ 144 کی پابندی ختم،عمران خان نے دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سنیئر صحافیوں نے ملاقات کی،اس موقع پر عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ کے واقعات 25 مئی کے واقعات کا پارٹ ٹو ہیں،وہی آفیسر کل کے واقعہ میں ملوث ہیں جو 25 مئی کو تھے۔

ان کا پلان ہے عمران خان گرفتار یا نااہل ہو تو پھر ہی الیکشن کرائیں،مجھے نااہل کریں یا گرفتار،میچ ہم جیت چکے ہیں یہ زبرستی گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اور مجھ پر حملے کی کوشش کر رہے ہیں،دفعہ 144 کی پابندی ختم ہو گئی ہے،ہم دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے،ہم جلد انتخابی جلسے شروع کرنے جا رہے ہیں،عدلیہ کو تقسیم کرنے کا منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔قبل ازیں عمران خان نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں، جس کے ساتھ عوام ہوں اسے بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔ مجھ سے پوچھا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ آپ سے بات کرے تو کیا آپ کریں گے میں نے کہا میں سیاسی آدمی ہوں میں سب سے بات کروں گا سوائے چوروں کے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی نہ آرمی چیف کو بات کرنے کی دعوت دی نہ شہباز شریف کو۔یہ بیان چل رہے ہیں کہ میں آرمی چیف سے بات کرنا چاہتا ہوں تو مجھے اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت نہیں۔جس جماعت کے ساتھ ملک کے عوام ہوں اسے بیساکھیوں کی ضرورت نہیں۔ عمران خان سے سوال کیا گیا کہ فوجی قیادت تبدیل ہونے کے بعد کوئی فرق آیا تو انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے کوئی فرق نہیں پڑا،ہم پر جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے دور میں کیسز بنے،اس سے پہلے کبھی سینئر لوگوں پر اتنا حراستی تشدد نہیں ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close