لاہور(پی این آئی) عمران خان کا آئی جی، سی سی پی او اور دیگر کے خلاف قتل کے مقدمات درج کرانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مبینہ طور پر پنجاب پولیس کے تشدد سے ایک کارکن کی موت پر سخت ردعمل دیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ علی بلال غیر مسلح اور ہمارے سرشار اور پرجوش پی ٹی آئی ورکر کو پنجاب پولیس نے قتل کر دیا، یہ شرمناک ہے، انتخابی جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے پی ٹی آئی کے غیر مسلح کارکنوں پر یہ ظلم، ہم آئی جی، سی سی پی او اور دیگر کے خلاف قتل کے مقدمات درج کرائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاہور میں پولیس تشدد سے متعدد کارکن شدید زخمی ہوئے، جبکہ ایک کارکن شہید ہو گیا۔ علی بلال نامی شہید کارکن کو شیل لگا جس سے اس کی شہادت ہوئی، شہید کارکن کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ جبکہ اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی جانب سے بھی شدید ردعمل دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ محسن نقوی حکومت پر فرض کردیا گیا کہ الیکشن رکوانے کیلئے لاشیں گرائیں، ایک بندہ جاں بحق ہوگیا ہے، پی ٹی آئی نے خونی تصادم سے بچنے کیلئے ریلی منسوخ کی،موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے، اس کو اسٹیبلشمنٹ چلا رہی ہے۔ ہماری ریلی کل سے شیڈول تھی لیکن آج اچانک حملہ کردیا گیا، پی ٹی آئی نے خونی تصادم سے بچنے کیلئے ریلی منسوخ کی۔ انہوں نے 92نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آئین کے مطابق آگے بڑھا جائے، موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے، اس کو اسٹیبلشمنٹ چلا رہی ہے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے کارکنوں پر ناصرف ایکسپائر آنسو گیس شیل فائر کیے گئے، جبکہ جو پانی استعمال کیا گیا اس میں زہریلہ کیمیکل بھی ڈالا گیا۔ اس حوالے سے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ کی جانب سے مبینہ شواہد سامنے لائے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں