جماعت اسلامی کے سینیٹر نے عمران خان پر پیمرا پابندی غلط قرار دیدی

مردان (پی این آئی) سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان پر پیمرا کی پابندی غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر عائد پیمرا کی پاپندی اظہار رائے اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

مردان میں میڈیا سے گفتگو میں مشتاق احمد خان نے کہا کہ عمران خان پر پیمرا کی پاپندی غلط ہے، پاپندی اظہار رائے اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ہے۔ خیبر پختونخوا میں الیکشن سے متعلق سینیٹر کا کہنا تھا کہ گورنر حاجی غلام علی آئین سے کھیل رہے ہیں ان کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔ وفاق پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت حق حکمرانی کھو چکی ہے، حکومت مستعفی ہو کر عام انتخابات کرائے، نواز شریف، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو اپنی دولت وطن واپس لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے، اشرافیہ اپنے اثاثوںاور ٹیکس کی تفصیلات سامنے لائیں۔ واضح رہے کہ آج سے دو روز قبل پیمرا نے عمران خان کے حوالے سے عائد پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ٹی وی چینلز عمران خان کا لائیو، ریکارڈڈ بیان، تقاریر نشر نہیں کرسکتے۔ اپنے احکامات میں پیمرا نے کہا کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف بےبنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔

پیمرا نے نوٹیفکیشن میں کہا کہ عمران خان کی تقاریر براہ راست یا ریکارڈڈ نہیں چلائی جائیں گی۔ پیمرا احکامات میں کہا گیا کہ عمران خان کی تقاریر اور بیانات پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ پیمرا کا کہنا تھا کہ اشتعال انگیز بیانات کے ذریعے عمران ریاستی اداروں، افسران کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close