عمران خان سیشن کورٹ میں پیش ہوں گے یا نہیں؟ فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کل اسلام آباد سیشن کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر قیادت نے رائے دی کہ سیکیورٹی خطرات ہیں اسلام آباد نہ جایا جائے جس کے بعد انہوں نے عدالت نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قانونی اور سینئر قیادت سے مشاورت ہوئی جس میں انہیں سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ عمران خان کی مقدمات کے سلسلے میں کل اسلام آباد کی عدالت میں پیشی ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی سے متعلق درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلیے مقرر کی گئی ہے۔ عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کل سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست پر تین اعتراضات عائد کر رکھے ہیں جن میں سے پہلا اعتراض ہے کہ عمران خان کی درخواست واضح نہیں، دوسرا ویڈیو لنک کی درخواست عدالت میں کیسے دائر ہو سکتی ہے جبکہ تیسرا اعتراض ہے کہ متعلقہ عدالت سے رجوع کے بغیر کیسے ویڈیو لنک درخواست قابل سماعت ہے؟ سابق وزیر اعظم نے فیصل فرید چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کو عدالتوں میں پیشی کے دوران سکیورٹی تھریٹس ہیں، اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کیلیے سخت سکیورٹی فراہم کی جائے۔

عمران خان نے درخواست میں تمام کیسز جوڈیشل کمپلیکس میں چلانے کی بھی تجویز دی اور کہا کہ پولیس کو عدالت پیشیوں کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، موٹروے ہائی وے پر بھی سکیورٹی فراہمی کے احکامات دیے جائیں۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تمام کیسز میں ویڈیو لنک پر پیشی کی اجازت دی جائے، سکیورٹی وجوہات پر ذاتی پیشی سے عدالتی کارروائیاں تعطل کا شکار ہوتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close