عمران خان کی چھوڑی ہوئی 6نشستوں پر ضمنی انتخاب،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تاریخ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان کی خالی 6 نشستوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر اعلامیہ الیکشن کمیشن میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی خالی 6 نشستوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

عمران خان کی خالی 6 نشستوں پر انتخاب 30 اپریل کو ہوگا۔ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور میں انتخاب 30 اپریل کو ہوگا۔این اے 108فیصل آباد، این اے118ننکانہ صاحب اور این اے 239 کورونگی کراچی میں انتخاب ہوگا۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بھی عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی،امیدوار کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرا سکیں گے۔امیدواروں کی ابتدائی فہرست 15 مارچ کو جاری ہو گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہو گی۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ کاغذات نامزدگی پر اپیلیں 27 مارچ تک جمع کرائی جا سکیں گی، جبکہ امیدوار 5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے،امیدواروں کو انتخابی نشانات 6 اپریل تک جاری کیے جائیں گے۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختو نخوا اور الیکشن کمیشن وفد کی مشاورت بے نتیجہ ختم ہو گئی ہے، خیبر پختو نخوا میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کیلئے الیکشن کمیشن کا وفد گورنر ہاؤس گیا۔الیکشن کمیشن حکام اور گورنر خیبر پختو نخوا غلام علی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں کے پی انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر غلام علی نے مشاورت میں انتخابات کی کوئی تاریخ نہ دی،خیبر پختو نخوا میں انتخابات کی تاریخ کا معاملہ اگلے ہفتے چلا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختو نخوا اگلے ہفتے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سےملاقات کریں گے۔جبکہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا غلام علی سے رابطہ کیا،الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا کو الیکشن کمیشن اسلام آباد آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث عزت ہو گی،گورنر آئیں تو ایک دن میں ہی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ گورنر کی جانب سے الیکشن کمیشن حکام کو 7 یا 8 مارچ کو مشاورت کیلئے بلایا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close