امریکی ویزے میں تجدید کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد(پی این آئی) امریکہ کی طرف سے اہل پاکستانی شہریوں کے لیے بی ون/بی ٹوسیاحتی اور کاروباری ویزے میں تجدید کے لیے انٹرویو سے استثنیٰ کی اہلیت میں توسیع کر دی ہے۔

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور قونصل جنرل کراچی نے طلبہ/تبادلے کے زائرین (ایف اور جے ویزا) اور عارضی ملازمین (ایچ، ایل، او، پی، اور سی ویزا) کے لیے استثنیٰ کی اہلیت میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ایسی خواتین جو ویزا کے اجراءکے وقت غیرشادی شدہ تھیں مگر بعد میں ان کی شادی ہو گئی اور انہوں نے شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کر لیا، انہیں انٹرویو سے استثنیٰ حاصل نہیں ہو گا۔کوئی بھی ویزا ہولڈر جو اپنے نام، تاریخ پیدائش، قومیت یا جائے پیدائش میں تبدیل کرے گا وہ استثنیٰ کا اہل نہیں ہو گا اور اسے انٹرویو کے لیے امریکی سفارتخانہ اسلام آباد یا کراچی قونصل خانے میں آنا پڑے گا۔

ایسے تمام پاکستانی شہری، خواہ وہ کسی بھی عمر کے ہوں، جن کا بی ون بی ٹو ویزا ابھی باقی ہے یا اس کی مدت ختم ہوئے 48ماہ سے زیادہ عرصہ نہیں گزرا، وہ اس استثنیٰ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس سے قبل یہ سہولت صرف45سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے میسر تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں