رانا ثنا اللہ کا عمران خان کی گرفتاری سے متعلق واضح اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو عدالتوں میں پیش ہونا پڑے گا ورنہ انہیں پیش کر دیا جائے گا۔

 

 

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان کو لوگوں کو سزائیں دلوانے کا بہت شوق تھا، اب اپنی باری آئی ہے تو آکر عدالت کاسامنا کریں، عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں تو پھر انہیں عدالتی حکم کو تسلیم کرتے ہوئے پیش ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا جب پولیس زمان پارک گئی ہے تو ان کے پاس وارنٹ تو موجود تھا، اگر وہ عدالت میں پیش ہو جاتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ طریقہ کار مختلف بھی ہو سکتا ہے، جس دن عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنا ہوا تو پیش کر دیں گے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا میں اپنے قتل کا الزام عمران خان پر نہیں لگا رہا لیکن قتل ہونے سے پہلے ایف آئی آر درج ہو جائے تو قتل آسان ہو جاتا ہے، ایسی الزام تراشی خطرناک ہو سکتی ہے، عمران خان سے کہا ہے آپ کا طریقہ کار آپ کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی شوق نہیں لیکن اسے عدالت میں پیش ہونا پڑےگا، فرح گوگی نے جو پیسہ کمایا ہے وہ صرف ایک کو دیا اور وہ عمران خان ہیں، توشہ خانے میں انہوں نے چوری کی ہے یہ ڈاکیومینٹڈ ہے، یہ کہہ دیں کہ القادر ٹرسٹ نامی کوئی چیز نہیں، انھیں عدالت آکر جواب دینا پڑے گا، عدالت عمران خان کو بری کردے ہم تسلیم کرلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا عمران خان کی تقریریں نشر کرنے پر پابندی کا فیصلہ پیمرا کا ہے اور پیمرا حکام ہی اس حوالے سے جواب دے سکتے ہیں۔

 

 

مولانا فضل الرحمان کی جانب سے الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کی رائے قابل قدر ہے، مولانا فضل الرحمان کی رائے پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں الیکشن کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جو صورت حال درپیش ہے اس میں الیکشن مہم مشکل ہے، الیکشن کرانے کا حتمی فیصلہ حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ ڈالرز کی اسمگلنگ سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ڈالر کی کمی عمران خان کی معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے، لوگوں نے کاروبار چھوڑ کر ڈالر لے کر رکھ لیے ہیں، افغان بارڈر سے ہم ڈالر کی اسمگل روک نہیں سکے، ڈالر بوریوں میں بھر بھر کر افغانستان اسمگل کیے جا رہے ہیں، ڈالر اسمگلنگ میں ملوث مجرموں کےنام سامنے آنے چاہئیں اور انہیں کٹہرے میں لانا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں