عمران خان کی گرفتاری کا اندیشہ، کارکنان کو ہدایات جاری کر دی گئیں

لاہور (پی این آئی ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے اندیشے کے باعث کارکنوں کو رات 10 بجے تک زمان پارک کے باہر رہنے کی ہدایت کردی گئی۔ لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد کارکنوں کو 10 بجے تک زمان پارک کے باہر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ہونے والے اعلانات میں کہا گیا کہ آپ جانباز اسکواڈ ہیں، رات دس بجے تک باہر رہنا ہے، امپورٹڈ حکومت چاروں طرف سے پولیس لے کرآگئی ہے لہٰذا اندیشہ ہے گرفتاری کریں، اس لیے آپ نے رات دس بجے تک رہنا ہے پھر لاہور کے دوست آجائیں گے۔دوسری طرف وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ چوہے کی طرح چھپا بیٹھا ہے مثال نیلسن منڈیلا کی دیتا ہے، اس شخص کو کوئی شرم حیا نہیں، اسی لیے ورکروں کو کہہ رہا جیلیں بھر دو، سیاسی رہنما اپنے عقائد اور نظریات کیلئے قربانیاں دیتے ہیں، سیاسی رہنماقید کی صعوبتیں عزت و وقار کے ساتھ برداشت کرتا ہے، عمران خان نوازشریف سے جرات و ہمت ادھار مانگ لے۔یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم آج عمران خان کی گرفتاری کی تعمیل کے لیے زمان پارک لاہور پہنچی تھی تاہم پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں زمان پارک پہنچ گئے اور اسلام آباد پولیس کے سامنے مزاحمت کی جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری وصول کیے تھے، شبلی فراز نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں ہیں، وہ قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے، گرفتاری کرنے نہیں، وہاں کارکنوں نے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، ہم قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close