حکمران اتحاد کو ایک اور بڑا جھٹکا، بلاول بھٹو نے وزارتیں چھوڑنے کی دھمکی دیدی

کراچی (پی این آئی) چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزارت چھوڑنے کا عندیہ دے دی، کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو ہمارے لیے مشکل ہوگا کہ اپنی وزارتیں برقرار رکھیں۔

کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے بات کریں گے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں، امید کرتا ہوں شکایت کو دور کیا جائے گا، وفاق کو سیلات متاثرین سے کیے ہوئے وعدے پورے کرنا ہوں گے، سیلاب سے ہماری معیشت کو بہت بڑا دھچکہ لگا، سندھ حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کر رہی ہے، وفاقی حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو ہمارے لیے مشکل ہو گا کہ اپنی وزارتیں برقرار رکھیں، امید ہے ہماری شکایت کا ازلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، زراعت کے شعبے کو سپورٹ کیا گیا تو ہم اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں، سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیلاب سے 5 ملین ایکڑ رقبے پر فصلیں تباہ ہوئی ہیں، گزشتہ 10 سال سے زرعی معیشت کو جس طرح سرمایہ کاری کی ضرورت تھی وہ نہ ہوسکی، زراعت میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو پاکستان کیسے ایک زرعی ملک بنے گا ؟ آصف زرداری دور میں زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دی گئی، چھوٹے کسانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ہمیں اپنے کسانوں کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت تاریخی معاشی مشکلات کا سامنا ہے، ملک میں دہشت گردی کے خطرات بڑھ رہے ہیں، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا حل پیپلز پارٹی کے پاس ہے، ہم نے 2017 میں ہونے والی مردم شماری پر اعتراضات اٹھائے، پچھلی مردم شماری میں مرضی کی حلقہ بندی پر کام ہوا، اس کا مقصد ایک لاڈلے کو فائدہ پہنچانا تھا، ہم نے تحفظات اس لیے اٹھائے تھے کہ سندھ اور دیگر صوبوں کی تعداد میں واضح فرق تھا۔ بلاول بھٹو نے کہا 2018 کے الیکشن سے پہلے مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا۔

صرف 5 فیصد بلاک پر دوبارہ مردم شماری کا کہا تا کہ سچ پتا چل سکے، وہ کام نہ ہوا اور اسی مردم شماری پر 2018 کے انتخابات ہوئے، پیپلز پارٹی یہی تحفظات مسلسل اٹھاتی رہی، الیکشن سامنے ہیں تو اعلان ہوا کہ ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی، ڈیجیٹل مردم شماری پر پیپلز پارٹی اور عوام کو بھی تحفظات ہیں۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ مجھے بھی بطور وفاقی وزیر دیر سے پتہ چلا ایک ہفتے کی توسیع ہوئی ہے، اگر اسی طریقے سے مردم شماری ہونی ہے تو پیپلز پارٹی کیلئے قابل قبول نہیں، ہمارے اعتراضات نہیں دیکھے گئے تو سندھ حکومت مردم شماری میں ساتھ نہیں ہوگی، پھر وفاقی حکومت خود مردم شماری کرلے، پیپلز پارٹی ایک سائنٹفک اور حقیقی مردم شماری کو سپورٹ کرسکتی ہے، اس طرح کی مردم شماری کو ہم سپورٹ نہیں کرسکتے، پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے، ہمارا کوئی دشمن نہیں، ہمار ا مقابلہ بے روز گاری، مہنگائی اور غربت سے ہے، ہم نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کسی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی جماعت سے نہیں ہے، سیاسی چوہا زمان پارک میں بستر کے نیچے چھپا ہوا ہے، چوہے کی ٹانگ میں درد ہے، ادھر ادھر بھاگ رہا ہے، سیاسی چوہے کے بجائے ہمیں معیشت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close