اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان کی زمان پارک میں موجودگی کے حوالے سے غلط بیانی پر اسلام آباد پولیس نے شبلی فراز کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان رہائش پر موجود نہیں، قانونی کارروائی کی راہ میں غلط بیانی سے کام لینے پر شبلی فراز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے یقینی دہانی کروائی کہ وہ قانون پر عمل کریں گے اس لئے ہم امید کرتے ہیں کہ وہ عدالت پیش ہوں گے، ہم امن و امان کو برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش اور ملزم عمران خان کو 7 مارچ کی پیشی کیلئے عدالت کے حکم پر عمل درآمد کریں گے۔یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم آج عمران خان کی گرفتاری کی تعمیل کے لیے زمان پارک لاہور پہنچی تھی تاہم پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں زمان پارک پہنچ گئے اور اسلام آباد پولیس کے سامنے مزاحمت کی جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری وصول کیے تھے، شبلی فراز نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں ہیں۔
وہ قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔اس حوالے سے ایس ایس پی اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کرانے گئے تھے، گرفتاری کرنے نہیں، وہاں کارکنوں نے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، ہم قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں