اگرگرفتاری نہیں دینی تو۔۔۔ اعتزاز احسن نے عمران خان کو مشورہ دیدیا

لاہور(پی این آئی) عمران خان کی گرفتاری سے متعلق اعتزاز احسن کا موقف آ گیا ہے۔ ممتاز قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر عدالت پیش نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں، اگر عمران خان گھر پر نہیں ہیں تو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہیں ہوگی۔

سینیئر وکیل نے کہا کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہوئے ہیں تو انہیں گرفتار کرنا ہوگا۔اگر عمران خان گرفتاری نہیں دیتے تو وہ وقت مقررہ پر عدالت پہنچ جائیں، عدالت میں پیش ہوگئے تو انہیں گرفتاری دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ رانا ثناء اللہ چاہتے ہیں کہ عمران خان کے کارکنوں کی طرف سے بلوہ ہو، ایسا کچھ ہوجائے کہ انتخابات ملتوی ہوجائیں، بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، عمران خان ، نواز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان جیسے 5 سے 6 افراد ہماری سیاست میں ایسے ہیں جنہیں کچھ ہوگیا تو صورت حال کسی کے ہاتھ میں نہیں رہے گی، ملک میں بلوہ ہوجائے گا۔

بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ اس وقت تک انہیں حمزہ شہباز شریف کی طرح تہہ خانے میں ہی رہنا پڑے گا۔ جیسے شک کا فائدہ حمزہ شہباز شریف کو دیا گیا تھا اسی طرح عمران خان کو بھی دیا جائے۔ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ حمزہ شہباز کو پولیس لینے گئی تو میڈیا میں کہا گیا کہ وہ تہہ خانے میں چھپ گیا ہے لیکن پولیس تہہ کانے میں نہیں گئی، حمزہ شہباز کے وکلا نے عدالت سے اجازت لے لی۔ اسی طرح عمران خان کے وکلا عدالت میں کہہ دیتے ہیں کہ ان کے موکل پیش ہوجائیں گے تو عدالت ان کی ضمانت لے سکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں