مریم نواز تقریروں کی بجائے اپنے مفرور والد کو واپس لائیں، پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر نے چیلنج دے دیا

سانگلا ہل(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ مریم صفدر تقریروں میں بھاشن دینے کی بجائے اپنے مفرور والد کو وطن واپس لائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف پوری تیاری سے اپنی انتخابی مہم کے ساتھ میدان میں اترے گی، امپورٹڈ حکومت کے تمام فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود انہیں منہ کی کھانی پڑی، تحریک انصاف انشااللہ عوام کی طاقت سے ہر شہر میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی،

پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرے گی۔سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کیلئے ہے، عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، پنجاب کی باشعور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مافیا کو اپنے سیاسی انجام تک پہنچائیں گے، عمران خان کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز جو مرضی کر لے ن لیگ کے مردہ گھوڑے میں جان نہیں ڈال سکتی، مہنگائی نے عوام کا بھرکس نکال دیا، شہباز حکومت اور ان کے حواری اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں، ملک کی تباہی کا ذمہ دار نواز شریف اور آصف زرداری ٹولہ ہے، موجودہ حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں، شہباز حکومت کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close