ریٹائرڈ جرنیل کو ریٹائرڈ جج کی جگہ اہم ترین ذمہ داری دے دی گئی

اسلام آباد(آئی این پی)حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کر دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کے نام کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون نے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے، وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کے نام کی منظوری دی ہے۔وفاقی کابینہ نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب لگانے کی سمری منظوری کرلی، ان کی تقرری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی گئی،

وزارت قانون لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔واضح رہے چند روز قبل سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے مداخلت سے تنگ آ کر استعفی دیا تھا، جس کی منظوری کے وزیر اعظم نے موقف اپنایا تھا کہ آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دیا ہے۔اپنے الوداعی خطاب میں آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ نیب میں مبینہ مداخلت پر استعفی دیا، نیب ایک اچھا ادارہ ہے، صرف ایک فیصد لوگ غلط کام کر رہے ہیں، نیب افسران ان ایک فیصد لوگوں کی بات نہ مانیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سے یہ نہیں ہوتا کہ یہ زمین دلا دیں یا فلاں کے بھائی کو چھوڑ دو، دوسرے کیخلاف کیسز بنواتے ہیں خود 10،10 ارب بیرون ملک رکھے ہوئے ہیں، ایک ایک پلاٹ والے کو کہا جاتا ہے اندر کر دو، اربوں روپے والے باہر ہیں۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں