اسلام آباد( این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گوجر خان کی یونین کونسل کونتریلہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ الطاف حسین نے اپنے رفقا کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے اپنی سیاسی وابستگی کو خیر آباد کہتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔
سابق رہنما اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف راجہ الطاف حسین نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف ایک وضع دار اور وسیع القلب سیاسی شخصیت کے مالک ہیں،راجہ پرویز اشرف نے علاقے کی عوام کیلئے تاریخی ترقیاتی منصوبے لگائے ہیں جنہیں گوجر خان کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،اسپیکر قومی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں عوامی کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے اور علاقے کی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ الطاف حسین کی شمولیت کو علاقے کی عوام کیلئے اچھا شگون قرار دیتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہاکہ راجہ الطاف حسین کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے اورگوجر خان سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماں کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت علاقے کے مسائل کو حل کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی پزیرائی عوام کا پارٹی پر والہانہ محبت اور عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی، عوامی اور پارلیمانی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جماعت نے عام آدمی کو اس کا حق دلانے کے لیے جدو جہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کے اندر اور باہر عوام کے لیے اوز بلند کی ہے۔ انہوں نے گوجر خان کی عوام کے مسائل کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر حل کرنے کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی وہ عوام کے مسائل کو حل کرنے کو زیادہ اہمیت دیتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں