مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت قرار

لاہور (پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)ملک کی مقبول ترین جماعت ہے،عوام محمد نواز شریف سے والہانہ محبت کرتے ہیں،ملک اس وقت مشکل حالات سے گزررہاہے اور مسلم لیگ (ن) ہی اس کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

۔عمران خان ایک نوسرباز شخص ہے جس نے جیل بھرو تحریک شروع کرکے اپنی ضمانت منظور کرالی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت شدید مشکلات سے گزر رہا ہے کیونکہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا اور ہم اسے بہتری کی طرف گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے وطن واپس آکر پارٹی کی تنظیمی قیادت سنبھالی اور ملک کے طول و عرض میں کارکنوں میں نئی روح پھونک دی۔انہوں نے کہا کہ ایک سال کے اندر ہم نے اپنے سیاسی مخالفین کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا اور ملک کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی توجہ مرکوز رکھی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں عوام مایوس نہ ہوں جلد روشنی اور ترقی کا سفر شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے،ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور ہم جلد اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close