اسحاق ڈار سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسحاق ڈار استعفی نہیں دیتے تو انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا استعفیٰ اب پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے۔

 

 

 

جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجرموں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا،پی ڈی ایم کی حکومت میں روپے کا قتل عام جاری ہے،11 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 110 روپے گرا۔ انہوں نے کہا کہ ان مہینوں میں روپے کی قدر میں 62 فیصد کمی ہوئی،روپے کی بے قدری کے باعث قرضہ 14 کھرب بڑھ گیا ہے،ملک میں مہنگائی کی شرح 75 سال میں بلند ترین شرح 31 فیصد پر پہنچ گئی،پاکستانی عوام حکومت تبدیلی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔جبکہ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر بڑھنے کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف پروگرام کا نہ ہونا ہے،اسحاق ڈار کو سمجھ نہیں آ رہی کہ انہوں نے کرنا کیا ہے؟ یہ مافیاز ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس حالات میں پہنچا دیا ہے،آج سمجھ نہیں آ رہی کہ پاکستان کیسے آگے بڑھے گا؟ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی کمر تو پہلے ہی ٹوٹ چکی تھی،آج بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ اور ایکسپورٹ پر سبسڈی ختم کر دی گئی۔ موجودہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا،پاکستان آج دنیا میں تنہا ہے اور دوست ممالک کہیں نظر نہیں آ رہے۔ انکا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 80 دن میں دنیا گھومنے کا مشن لیکر آیا ہے،عالمی سطح پر پاکستان آج تنہا ہو چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں