ن لیگ کے ناراض رہنما کا پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان

شرقپورشریف( پی این آئی)سابق رکن صوبائی اسمبلی صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری نے پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے این اے 114اور پی پی 139 کا الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون و آئین اور عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جلیل احمد شرقپورینے کہا کہ قانون اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے 90دن کے اندر اندر انتخابات کروانے کا حکم جاری کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے اور عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے، دوسری جانب آئین کے ساتھ کھلواڑ کا سوچنے والوں کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسرے لوگوں کی نسبت پانچ سو سال پہلے جنت میں جائیں گے کیونکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث مبارکہ ہے کہ دو مسلمانوں کے درمیان صلح کروانے والا بندہ 500 سال پہلے جنت میں داخل ہو جائے گا جبکہ عمران خان کی وجہ سے تو 13 جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہوئی ہیں اور ان کے درمیان صلح ہوچکی ہوئی ہے اور آج یہ سب عمران خان ہی کی وجہ سے اکٹھے ہیں۔

اس موقع پر میاں جلیل احمد شرقپوری نے حلقہ بھر سے ساتھیوں اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے بارہا اصرار کے بعد حلقہ این اے 114 اور پی پی 139 سے پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے بھرپور الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کردیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں