زلفی بخاری کیساتھ جیل میں کیا ہورہا ہے؟ پی ٹی آئی رہنما نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءسید یاور بخاری نے کہا ہے کہ پارٹی رہنماءزلفی بخاری کے ساتھ شاہ پور جیل میں انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھاجا رہا ہے۔ڈیلی ڈان کے مطابق زلفی بخاری اپنی پارٹی کی ’جیل بھرو تحریک‘ میں سب سے پہلے گرفتاری دینے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔

22فروری کو جیل بھرو تحریک کے پہلے دن پی ٹی آئی کے 47ورکرز اور رہنماؤں نے گرفتاری دی تھی جنہیں پہلے اڈیالہ جیل میں قید کیا گیا اور پھر سرگودھا کی شاہ پور جیل میں منتقل کر دیا گیا۔اٹک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ زلفی بخاری کے ساتھ کسی مجرم اور دہشت گرد جیسا سلوک کر رہی ہے۔ یاور بخاری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ”پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جمہوریت مخالف قوتوں کے خلاف لڑائی اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک آزادانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے ملک میں حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہو جاتی۔ہماری جیل بھرو تحریک کا مقصد موجودہ حکومت کی طرف سے شہریوں کے ان بنیادی حقوق پر حملوں کو روکنا ہے جو انہیں پاکستان کا آئین دیتا ہے۔ہم شہریوں کے وہ حقوق غصب نہیں ہونے دیں گے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close