سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا پہلا بڑا اقدام

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ کے فیصلے بعد الیکشن کمیشن نے کل اجلاس طلب کرلیا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے، ممکنہ طور پر انتخابات کی تاریخ عیدالفطر کے بعد کی ہوگی۔سپریم کورٹ کے فیصلے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کل صبح 11 بجے اجلاس طلب کرلیا ہے، صدر اور گورنر خیبرپختونخواہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تیار ہے، انتخابات کا شیڈول 54 دنوں پر محیط پر ہوگا۔ ممکنہ طور پر انتخابات کی تاریخ عیدالفطر کے بعد کی ہوگی۔ اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیار رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔اسی طرح الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں بھی طلب کرلی ہیں، درخواستیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت 8 مارچ کو طلب کی گئی ہیں، سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے درخواستیں جمع کروائیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ دو جج صاحبان نے مزید کہہ دیا ہے کہ ازخود نوٹس قابل سماعت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں یہ چار تین کا فیصلہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میری رائے میں یہ درخواستیں چار تین کے تناسب سے خارج ہو گئی ہیں۔ اسی طرح وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف کے پانامہ کیس کی ٹیرئن کیس بھی روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے، ہم الیکشن کے حامی ہیں لیکن آئندہ عام انتخابات پر مشاورت سے قبل آئینی اور قانونی ابہام دور کیے جائیں ، فارن فنڈنگ کیس میں غیر ضروری درخواستوں کیوجہ سے 6 سال لگ گئے ہیں۔اس کے برعکس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ آئین سے انحراف کی کسی کوشش کو پہلے قبول کیا نہ آئندہ کریں گے، جمہوریت اور آئین سے انحراف کرنے والا گروہ عدلیہ پر حملہ آور ہے، عدالت کو دباؤ میں لانے کی قابلِ مذمت، 90 روز میں انتخابات کروانے کے شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں