اسلام آباد (پی این آئی) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کرنے کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں فساد،فتنہ اور انارکی چاہتا ہے،اس نے جیل بھرو تحریک کا انجام دیکھ لیا۔عمران خان ٹولے نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا جو ناقابل قبول ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمران خان سمیت تمام افراد گرفتار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے سینکڑوں پیشیاں بھگتیں لیکن عدالتوں کا احترام کیا،عمران خان نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا،عمران خان نے گزشتہ روز سازش کے تحت لوگوں کو جمع کیا،اس نے اپنے جرم کو چھپانے کے لیے لوگوں کا سہارا لیا،عمران خان گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس میں ہجوم سمیت داخل ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہجوم اور ہنگامے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا،150 افراد کو اکٹھا کرنا کوئی بڑی بات نہیں،عدالتوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کے نخرے اٹھائے اور وقت دیا تو پھر ایسا ہی ہو گا۔ حکومت انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرے گی،اکثریتی فیصلہ چار تین سے ہے،فیصلہ میں اختلاف رائے آیا،ہائیکورٹ میں زیر التوا سماعت کی وجہ سے اختلافی نوٹ لکھا گیا۔وزیر داخلہ نے صحافی کے سوال پر کہا کہ عمران خان مجرمانہ نیب سے عدالتوں میں پیشی کیلئے آیا،میرا تو خواہش ہے عمران خان کو پکڑنا چاہیے،کوشش کریں گے کہ عمران خان کو عدالتوں پر حملے کے کیس میں گرفتار کریں۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ جاری کیے ہیں،پیشی یقینی بنائیں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو اندازہ نہیں تھا پی ٹی آئی والے اس اندازہ سے پیشی کیلئے آئیں گے،اگلی بار پیشی پر پی ٹی آئی والے آئے تو بہتر انتظامات کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے پارلیمانی جمہوریت نہیں چل سکتی،پی ٹی آئی والے جیل بھرو تحریک کے تحت شوق سے جیل میں گئے اب واپس آنا چاہ رہے ہیں،یہ جب تک رہے گا اس وقت تک یہی حالت رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں