عمران خان پاکستانی سیاست کی سب سے بڑی حقیقت ہیں، چوہدری پرویز الٰہی کھل کر سامنے آ گئے

لاہور(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کی سب سے بڑی حقیقت ہیں، عمران خان کا راستہ روکنے کی پی ڈی ایم کی ہر سازش انشاء اللہ ناکام ہو گی، عمران خان نے پارٹی صدر بنا کر عزت دی ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے، ہمارا خاندان، ہمارے حمایتی اور جس کو ہم سے محبت ہے، سب دل جان سے عمران خان کے ساتھ چلیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں ضلع کونسل کے سابق چیئرمین، ارکان ضلع کونسل اور پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محترمہ سمیرا الٰہی، صفیہ جاوید چودھری، امجد پرویز بٹ، شمشاد ملہی، ضمیر شاہ، عاطف شاہ، عکاظ متہ، شیخ شہکاز اسلم، طاہر ترکھا، نعمان اکبر منگووال، ملک رشید احمد، ساجد دلشاد، نجم الحسن بھٹی، توصیف لیاقت، عرفان بشیر کنگ، چودھری اقبال سوک کلاں و دیگر موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ راجن پور میں عوام نے پی ٹی آئی امیدوار محسن لغاری کو کامیابی دے کر وفاقی اور پنجاب نگران حکومت کو بھرپور جواب دے دیا، اس کامیابی پر محسن لغاری اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان مبارکباد کے مستحق ہیں، ہم راجن پور کے عوام کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ظلم اور جبر کے ہر ہتھکنڈے کا منہ توڑ جواب دیا، راجن پور کے انتخابی نتائج نے ایک بار پھر عمران خان کی مقبولیت پر مہر ثبت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جان لے عوام اب انتقامی ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، مقدمات، گرفتاریاں، جعلی آڈیو، ویڈیو لیکس سے بھی عوام خوفزدہ نہیں، اس لیے پی ڈی ایم عدلیہ کے خلاف مہم سے باز رہے، عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہے اس کو دبائو میں نہیں لایا جا سکتا، شہبازشریف، مریم نواز کی عدلیہ مخالف مہم ان کے اندر کے خوف کی عکاسی کر رہی ہے، عدلیہ پر حملے کرنا نوازشریف، شہبازشریف اور مریم نواز کی پرانی روش ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے عام انتخابات میں انشاء اللہ دوبارہ بھاری اکثریت سے عمران خان کی حکومتیں بنیں گی، تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں کارکنوں اور عوام کاجوش و جذبہ دیکھنے والا ہے، پی ٹی آئی کے لیڈرز کارکنوں کے ساتھ گرفتاریاں پیش کر کے حکومت کے انتقامی ہتھکنڈوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں، شہبازشریف کی ناکامیوں کی داستان طویل ہے، عوام ووٹ کی طاقت سے نااہل ٹولے سے بدلہ لیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close