عمران خان کی مقبولیت کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں نمایاں اضافہ

جام پور (پی این آئی) این اے 193 ضمنی الیکشن، بلے نے اکیلے ہی سب کو زیر کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 جام پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حتمی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق تمام امیدواروں کے مجموعی ووٹ بھی اکیلے پی ٹی آئی امیدوار کے ووٹوں سے کم رہے۔ضمنی الیکشن کے دوران سردار محسن لغاری نے تمام مخالف جماعتوں کے امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کر کے سب کو چاروں شانے چت کیا۔ ضمنی انتخاب کے دوران این اے 193 کے حلقے میں ہونے والے الیکشن میں پولنگ سٹیشنوں کی تعداد 237 تھی، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 495 تھی جبکہ خواتین کے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 709 تھی، مجموعی طور پر ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 204 تھی۔ایک لاکھ 73 ہزار 966 ووٹرز نے انتخابی رائے دہی میں حصہ لیا، 4 ہزار 816 ووٹوں کو مسترد کیا گیا جبکہ انتخابی ٹرن آؤٹ 47.15 رہا۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار محسن لغاری نے 90392 ووٹ حاصل کر کے جیت کو گلے لگایا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سردار اویس لغاری کے صاحبزادے عمار احمد خان لغاری نے 55218 ووٹ حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔پیپلز پارٹی کے اختر حسن خان گورچانی 20 ہزار 74 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمود احمد 3 ہزار 961 ووٹ لیکر چوتھے نمبر پر رہے۔

ضمنی الیکشن کے نتائج کے بعد جاری ہونے والے فارم 47 کے مطابق الیکشن میں 11 امیدواروں نے حصہ لیا، پی ٹی آئی کے امیدوار محمد محسن لغاری 90392، مسلم لیگ ن کے امیدوار عمار احمد خان لغاری 55218 اور پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی 20074، آزاد امیدوار اللہ یار خان نے 256، آزاد امیدوار امان اللہ نے 467، آزاد امیدوار بہاول حسین نے 304 ، آزاد امیدوار خادم حسین نے 1670، آزاد امیدوار کلیم الدین ضیاء نے 80، آزاد امیدوار محمد راول خان نے 347 ، آزاد امیدوار محمد سلیم نے 1197 ووٹ جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار نے 3961 ووٹ حاصل کیے۔راجن پور کے حلقے این اے 193 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران حیران کن طور پر پی ٹی آئی کے امیدوار نے تمام امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے ووٹ حاصل کیے ہیں۔ سردار محسن لغاری کے ووٹ 90392 ہیں جبکہ باقی تمام مخالفین امیدواروں کے مجموعی ووٹ 83574 بنتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close