لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم نواز نے لندن پلان خود بتا دیا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے، نواز شریف رسیدیں نہیں دے سکا ان کو کرپشن پر سزا ہوئی، اب نوازشریف کی خواہش کہ عمران خان کو بھی نااہل کیا جائے۔
انہوں نے چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نواز شریف کو کرپشن پر سزا ہوئی رسیدیں وہ دے نہیں سکا لیکن مریم صفدر نے لندن پلان خود بتا دیا جو چند ماہ پہلے یقین دہانیوں پر نواز شریف نے تیار کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے خواہش کا اظہار کیا کہ عمران خان کو جیل میں ڈالا جائے اور سیاسی میدان سے باہر کرنے کے لئے نااہل بھی کروایا جائے۔اس سے قبل فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن لغاری کے سپورٹر ز پر تشدد کروایا گیا، گرفتاریاں کی گئیں، فصلوں کو آگ لگائی گئی، ہر طرح کی ہراساں کرنے کی فضاء بنائی گئی، اس کے باوجود انتخابات کا نتیجہ آیا تو پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔لوگوں کو پتا ہے کہ انہوں نے اسمبلی میں نہیں جانا بلکہ عام انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ عمران خان جو کہتے تھے ثابت ہوگیا کہ لال کاٹا بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں لگے گا، لال کاٹے کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، راجن پور کے عوام نے لال کاٹا پی ڈی ایم کے لوگوں پر لگایا ہے۔ سب سے مقبول جماعت پی ٹی آئی ہے، مزدور، دیہاڑی دار، ہاری کی آواز ہے، مہنگائی کے 70سالہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، گیس بجلی، آٹا ڈیزل پیٹرول مہنگا ہوگیا ہے۔
جیل بھرو تحریک کا آج چھٹا روز ہے ، کل میں گرفتاری دوں گا۔ ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ان کے حقوق فراہم نہیں کئے جارہے ،آپ کے سارے ہتھکنڈے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ، سب ہتھکنڈے استعمال کرلئے، 80سالہ امجد شعیب کو گرفتار کرلیا، انہوں نے قربانیاں دیں، یہ تنقید کرنا جرم ہے؟ اگر ہوش کے ناخن نہیں لیں گے تو ملک تباہی کی طرف جائے گا۔ آئین میں لکھا کہ 90روز میں انتخابات ہونے ہیں، خود بخود آئین پر عمل ہونا چاہیئے لیکن گورنر اور الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہا ۔ اگر یہ نہیں سنے گے تو پھر عوام سپریم کورٹ کی طرف دیکھیں گے۔ یہ کوئی پاناما کا کیس نہیں ہے، یہ قانون کی بالادستی کا کیس ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں