عازمین حج کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ بائیو میٹرک کے حوالے سے اہم فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی)وزارت مذہبی امور میں سعودی ویزہ بائیو اپلی کیشن کے استعمال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت جوائنٹ سیکرٹری حج نے کی، حج ونگ کے افسران اور نجی حج سکیم کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں ایپلی کیشن سے متعلق سعودی وزارت خارجہ کے حکام اور اعتماد آفس کے نمائندے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمین حج کیلئے آن لائن فنگر پرنٹ بائیو میٹرک لازمی ہو گی،

عازمین حج اپنی فنگر پرنٹ بائیو میٹرک سعودی ویزہ بائیو نامی موبائل اپلی کیشن کے ذریعے کر سکیں گے،بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فنگر پرنٹ بائیو میٹرک کی سہولت پاکستان میں موجود اعتماد دفاتر سے بھی مفت دستیاب ہو گی، عازمین حج تینآسان مراحل میں اپنے سمارٹ فون سے گھر بیٹھے سعودی ویزہ بائیو میٹرک کر سکتے ہیں، جس کیلئے موبائل کیمرے کی مدد سے پاکستانی پاسپورٹ سکین کرنا، سیلفی لینا اور فنگر پرنٹس سکین کرنا ہوں گے،وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق موبائل اپلی کیشن کے استعمال سے متعلق سادہ ہدایات وزارت کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر دستیاب ہو گی، ہاتھ یا انگلیوں سے معذور افراد کو مستند ڈاکٹر کا کمپیوٹرائزڈ میڈیکل سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا ہوگا، گزشتہ سال بائیو میٹرک میں کچھ مسائل کے بعد موبائل ایپ کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close