لاہور (پی این آئی ) معلومات کی ویب سائٹ وکی پیڈیا پر حکمران اتحاد کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ( ن) کے پیج کے ساتھ ایک ہی دن میں متعدد بار چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو اس کا چیئرمین ظاہر کیا گیا ہے۔وکی پیڈیا پر مسلم لیگ( ن) کی تفصیل دیکھی جائے تو وہاں سب نام اور عہدے بالکل درست ظاہر ہو رہے ہیں لیکن کسی نے چیئرمین کی جگہ پر سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کا نام لکھ دیا ہے ۔
مسلم لیگ (ن )نے 2018 کا الیکشن ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے پر لڑا تھا لیکن وکی پیڈیا پیج پر کسی نے اس کو بھی تبدیل کردیا ہے اور اس کی جگہ ’بوٹ کو عزت دو‘ لکھ دیا ہے۔اگر مسلم لیگ (ن )کے وکی پیڈیا پیج کی ہسٹری چیک کی جائے تو 25 فروری 2023 کو اس کو متعدد بار ایڈٹ کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔رات کو جس وقت یہ خبر لگائی جا رہی ہے اس وقت تقریباً 12 بج کر 41 منٹ پر یہ پیج درست معلومات دکھا رہا تھا لیکن1 سے 2منٹ کے بعد اسے ریفریش کیا گیا تو ( ن) لیگ کا نعرہ ایک بار پھر تبدیل کیا جاچکا تھا۔ اس بار یہ نعرہ ’بوٹ کو عزت دو اور چاٹ چاٹ کر چمکا دو‘ بن چکا تھا۔یہاں یہ بھی واضح رہے کہ وکی پیڈیا پر کوئی بھی شخص کسی بھی صفحے کو ایڈٹ کرکے اس میں معلومات کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ توقع یہ کی جاتی ہے کہ یہ مثبت اضافہ ہوگا لیکن پاکستان میں پہلے بھی کئی بار اس قسم کی ایڈٹس کی گئی ہیں جس کی وجہ سے بعض اوقات وکی پیڈیا انتظامیہ متعلقہ صفحے سے کچھ وقت کیلئے ایڈٹ کا آپشن بند کردیتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں