شیخ رشید گرفتاری کا اعلان کرنے کے باوجود کہاں چلے گئے؟

راولپنڈی(آئی این پی)راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنماں فیاض الحسن چوہان ،زلفی بخاری، صداقت عباسی ، وحید قاسم اور اعجاز خان جازی سمیت 80 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔فیاض الحسن چوہان ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے، جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔

فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ ہی درخواستیں دیں گے۔فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے، فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے بھی گرفتاری دی۔پولیس فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کارکنوں کو کمیٹی چوک سے پہلی قیدی وین میں لے کر روانہ ہوگئی۔فیاض چوہان کی گرفتاری کے بعد سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید، پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور عامر کیانی بھی کمیٹی چوک پہنچ گئے، پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے گرفتاری دے دی جبکہ شیخ رشید گرفتاری دینے کے بجائے کمیٹی چوک سے گاڑی میں روانہ ہو گئے۔پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری راجہ منصور بھی اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس بھی گرفتاری دینے کمیٹی چوک پہنچ گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق 3 قیدی وینوں میں زیادہ سے زیادہ 90 افراد کی گنجائش موجود تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک فیاض الحسن چوہان، زلفی بخاری، صداقت عباسی، اعجاز خان جازی اور وحید قاسم نے گرفتاری دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close