پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاریوں کا ڈراپ سین

راولپنڈی (آئی این پی)راولپنڈی میں بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا ڈراپ سین ہو گیا۔ کمیٹی چوک سے گرفتاری دینے والے فیاض الحسن چوہان اور 50 کارکنوں کو پولیس وین نے مندرہ کے علاقے میں اتار کر چھوڑ دیا۔مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجا ناصر عباس نے بھی گرفتاری دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تیسرے مرحلے میں راولپنڈی سے پانچ اہم رہنمائوں سمیت 80 سے 90 کارکنوں نے جمعہ گرفتاریاں دی تھیں، گرفتاری دینے والوں میں سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، سابق ایم این اے صداقت عباسی، ذلفی بخاری، سابق ایم پی اے اعجاز خان جازی، سابق ایم پی اے ستی، راجہ وحید قاسم سمیت متعدد کارکن شامل تھے۔پولیس نے گرفتاری دینے والوں کو مختلف مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاری دینے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے بارے میں جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم کچھ کارکنوں کو راستے میں ہی اتار کر رہا کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز 22 فروری کو لاہور سے ہوا، جس کے بعد پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنما و کارکنان گرفتاری دے چکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں