لاہور(پی این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہےکہ الیکشن کروانے کیلئے تیار ہیں، پی ٹی آئی سے درخواست کہ امن وامان میں خلل نہ ڈالے، ہمارا 100 فیصد پہلا کام ہی الیکشن کروانا ہے، نگران حکومت کے پاس پی ایس ایل کیلئے رقم جاری کرنے کا اختیار نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کلمہ چوک انڈر پاس کو عارضی طور پر کھول دیا، کلمہ چوک انڈر پاس کو پی ایس ایل میچز کیلئے کھولا گیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کے پاس پی ایس ایل کیلئے رقم جاری کرنے کا اختیار نہیں، پچھلے سال پنجاب حکومت نے پی ایس ایل پر 60 کروڑ روپے خرچ کیے، کابینہ ارکان پی ایس ایل کیلئے رقم جاری کرنے پر رضامند نہیں ہورہے، ہمیں ہرصورت پی ایس ایل کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن جب بھی ہوں گے ہم تیار ہیں، الیکشن ہمارا پہلا کام ہے، 100فیصد تیارہیں، پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ امن وامان میں خلل نہ ڈالے۔دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے تعین کے حوالے سے از خود نوٹس کی سماعت کے دوران پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کا مشترکہ بیان پڑھتے ہوئے کہا ہے کہ 2 ججز کے بینچ میں شامل ہونے پر اعتراض ہے،دونوں ججز کو بینچ میں نہیں بیٹھنا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ اس بات کا تعین کرے گی کہ آئین کے تحت مختلف حالات میں کسی صوبائی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کی آئینی ذمہ داری اور اختیار کس کے پاس ہے۔
جمعہ کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سپریم کورٹ کے بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں