پی ٹی آئی رہنماسمیت 4 ملزمان عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر عدالت سے فرار ہو گئے

لاہور ( پی این آئی) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس پر حملے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے کے معاملہ میں پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر سمیت 4 ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے شبیر گجر و دیگر کی جانب سے پولیس پر حملے کے مقدمہ میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ملزمان شبیر احمد گجر ، خالد محمود گجر ،طارق فاروق اور عدیل محمود کی جانب سے

سلیم لادی اور چودھری نعمان عتیق ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ ہمارے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ، ہم شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں ڈر ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی ،عدالت ہماری عبوری ضمانتیں منظور کرنے کا حکم دے۔فریقین وکلا کی جرح مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمان کی ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی کے

سابق ایم پی اے شبیر گجر سمیت چار ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج ہونے پر ہنگامہ آرائی ہوئی، ہنگامہ آرائی کے دوران شبیر گجر سمیت دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی رائیونڈ میں پولیس پر حملہ ،اقدام قتل سمیت چار دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں