چوہدری پرویز الٰہی کو پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ عمران خان نے وجہ بتا دی

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو پارٹی کا صدر بنانے کی وجہ بتا دی۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک خطاب میں انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کو اس لیے پارٹی صدر بنایا کہ انہوں نے بہت دباؤ برداشت کیا، اعتماد کے ووٹ کے وقت لوگوں کو کہا گیا کہ عمران پر کاٹا لگا دیا، آپ ن لیگ میں جائیں، خود کو نیوٹرلز کہنے والوں نے کہا آپ ن لیگ کی سی ایم شپ لے لیں، مونس الٰہی کے ساتھی کو اٹھا کر لے گئے اور تین دن غائب رکھا لیکن پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے دھمکیوں کے باوجود ہمارا ساتھ دیا، جس پر پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کو داد دیتا ہوں، ہم نے پرویز الہٰی کو آنر کیا کہ دباؤ کے باوجود انہوں نے پارٹی کو ضم کیا۔خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی دیگر ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں اور تحریک انصاف نے چوہدری پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، سینئر لیڈرشپ آئین کے مطابق اس پر عملدرآمد کرے گی کیوں کہ عمران خان نے پارٹی کا صدر بنانے کی ہدایت کردی ہے کیوں کہ پرویزالٰہی سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے، پرویزالٰہی، مونس الٰہی، حسین الٰہی اور دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کا احترام کرتا ہوں، عمران خان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے، ہرمشکل گھڑی میں ثابت کیا ہم نے عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیا، ہم ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close