چوہدری برادران کی سیاسی طور پر تقسیم، تاریخ میں پہلی بار کیا ہونے جارہا ہے؟ بڑی خبر آگئی

لاہور(پی این آئی) چوہدری برادران میں تقسیم کے بعد 2023 میں متوقع عام انتخابات میں خاندان کے افراد ایک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گے۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، شافع حسین اور سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی، مونس الہیٰ ، چوہدری وجاہت کے بیٹے حسین الہی متوقع طور پر ایک دوسرے کے مدقابل ہوں گے۔

چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری شافع حسین، چوہدری سالک پی ڈی ایم جبکہ پرویز الہیٰ ، مونس الہیٰ، حسین الہیٰ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔چوہدری برادران میں سیاسی اختلافات سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف گذشتہ سال پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کے موقع پر سامنے آئے۔اس وقت پرویز الہیٰ اور ان کے صاحبزادے مونس الہیٰ نے عمران خان کے ساتھ اتحاد برقرار رکھا تاہم چوہدری شجاعت حسین کا خاندان پی ڈی ایم کے ساتھ مل گیا۔حال ہی میں پرویز الہیٰ نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی تھی۔ تحریک انصاف نے پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے،سینئر لیڈرشپ آئین کے مطابق اس پر عملدرآمد کرے گی، عمران خان نے پارٹی کا صدر بنانے کی ہدایت کردی ہے۔انہوں نے چوہدری پرویزالٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی، مونس الٰہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، مسلم لیگ ق آج سے باقاعدہ پی ٹی آئی میں ضم ہوگئی ہے، پرویزالٰہی اپنے 10سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔ پرویزالٰہی، مونس الٰہی ،حسین الٰہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں،پرویزالٰہی سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے، اب ایک نئے پاکستان کا خواب ضرور پورا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close