سینئر لیگی رہنما نے پارٹی کی خراب حالت کا اعتراف کرلیا، پارٹی پالیسیوں پر نالاں

اسلام آباد(پی این آئی) کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بعد ایک اور لیگی رہنما پارٹی پالیسیوں سے نالاں ہو گئے۔سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اور سینیٹر صابر شاہ نے اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ملک بچانے والے حکومتی بیانیے کو بے وزن قرار دیا۔سینیٹر صابر شاہ نے کہا کہ سیاست نہیں ملک بچانے والی ہماری بات میں وزن نہیں۔

عمران خان کی مس مینجمنٹ اور بیڈ گورننس کو ہم نے آکر بیل آؤٹ کیا۔ ہماری جماعت میں مشاورت کی کمی ہے۔ن لیگ قومی جماعت تھی جسے اب صوبائی بنا دینا زیادتی ہے۔اس وقت ہماری جماعت کی حالت بہت خراب ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشاورت میں دوسرے صوبوں کو شامل نہ کرنے سے نقصان ہوا ہے۔جن لوگوں کو مشاورت کے قابل سمجھا گیا وہی خرابی کے ذمہ دار ہیں۔انہی چند لوگوں نے پارٹی قیادت کو اندھیرے میں رکھا۔شہباز شریف کو کسی نے تو مشورہ دیا عمران خان کا گند اپنے سر لیں۔آج ہم جن حالات سے گزر رہے ہیں اس سے دیگر اتحادی جماعتیں اتنی متاثر نہیں ہوئیں۔نقصان ہم اٹھا رہے ہیں اور ہماری جماعت اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بھی ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ عمران خان سے متعلق بیان پر رنجیدہ ہوں ایسا نہیں کہنا چاہئیے تھا۔ہر ایک کی زندگی میں کمی بیشی ہوتی ہے۔ مجھے عمران خان پر ذاتی حملہ نہیں کرنا چاہئیے تھا۔ہمارے اندر بھی ایسے ہیں جو تنظیم سازیوں میں پھنس گئے،لوگ پوچھتے ہیں تنظیم سازی کا بتائیں تو سر شرم سے جھک جاتا ہے۔سیاسی مقابلہ سیاست سے ہونا چاہئیے، یہاں تو ہر طرف گند ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ ہم نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو بےعزت کر دیا۔ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ اب ہم نے دفن کر دیا ہے۔ پرویز رشید کے علاوہ جس نے بھی ایکسٹینشن کو ووٹ دیا وہ مجرم ہے۔ میاں صاحب کو بھی ایکسٹینشن کے ووٹ کا نہیں کہنا چاہئے تھا۔جس دن ہم نے قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن کا ووٹ دیا اس دن ہمارا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ دفن ہو گیا۔

نوازشریف وہی شخص تھا جنہوں نے ان کو للکارا تھا۔میاں صاحب کو ورغلایا گیا،ان سے جھوٹ بولتے تھے۔میں ان کے نام بھی لوں گا جنہوں نے نوازشریف سے فراڈ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں