مریم نواز کی سرگودھا جلسے میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور جنرل فیض پر شدید تنقید

سرگودھا (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کا بدبودار ٹوکرا اتار پھینکا تو ان دوتین ججز نے اٹھا لیا،5 کے ٹولے کے سرغنہ فیض حمید نے خود ہی اپنے آپ کو آرمی چیف مقرر کرلیا تھا،پاکستان کے موجودہ حالات کا ذمہ دار 5 کا ٹولہ ہے۔

انہوں نے سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھڑی چور جب سے حکومت چھوڑ کر گیا ہمارے کان پک گئے کہ سازش ہوگئی، لیکن جو سازش ہوئی تھی وہ نوازشریف کے خلاف ہوئی تھی۔ان سازش کرنے والوں کی تصاویر اسکرین پر لگاؤ۔ اسکرین پر نظر آنے والا 5 کا ٹولہ پاکستان کے موجودہ حالات کا ذمہ دار ہے۔ ان کا سرغنہ جنرل فیض حمید تھا، جس نے خود ہی اپنے آپ کو پاکستان کا آرمی چیف مقرر کرلیا تھا، اس نے چیف بننا تھا اس لئے اس کو سیاسی مہرے کی ضرورت تھی، نوازشریف اس کا مہرہ نہیں بن سکتا تھا، تو پھر اس نے عمران خان گھڑی چور کو اٹھایا، اور پی ڈی ایم کی جماعتوں میں ایک سربراہ نے مجھے بتایا کہ جب جنرل فیض حمید سے پوچھا کہ آپ نوازشریف سے زیادتی کیوں کررہے ہو، تو فیض حمید نے کہا کہ وہ اپنے قد سے بہت بڑا ہوگیا ہے اس کا قد کاٹنا ہوگا۔ان کو ایک گھوڑا چاہیئے تھا اس گھوڑے کا نام گھڑی چور عمران خان تھا، جب 2014میں اس کا دھرنا ناکام ہوا، لاک ڈاؤن ناکام ہوا تو پھر عدلیہ میں سے وہ جج اٹھائے جو کمپرومائز اور کرپٹ جج ، کھوسہ ، بابا زحمت، ثاقب نثار، اعجازالاحسن، مظاہر علی نقوی، عظمت سعید ہو، اعجازالاحسن چیف جسٹس بننے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ وہ پانامہ بنچ میں بیٹھا تھا، نوازشریف کے خلاف ہرمقدمے میں وہ جج بن کر بیٹھا ہوتاہے۔جب لاک ڈاؤن ناکام ہوا تو کھوسہ نے کہا دربدر کی ٹھوکریں نہ کھاؤ ہمارے پاس آؤ ہم نااہل کرتے ہیں ۔ بیوی نے لندن میں تڑپ تڑپ کر جان دے دی ، لیکن انتقام کی آگ ٹھنڈی نہیں ہوئی، جب اسٹیبلشمنٹ نے بدبودار ٹوکرا اتار پھینکا تو اس کا بدبودار ٹوکرا ان دوتین ججز نے اٹھا لیا۔

آج جب عمران خان کی سیاسی موت نظر آرہی ہے، تو جسٹس مظاہر علی نقوی اور اعجازالاحسن پھر میدان میں آگئے۔ جنرل فیض حمید ان کو آپریٹ کررہا ہے۔ جنرل فیض حمید نے اربوں روپیہ بنایا اور دبئی دوسرے ممالک میں منتقل کیا۔ فیض حمید کو عمران خان سے محبت نہیں بلکہ اپنے جرائم کا خوف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close