چوہدری پرویز الٰہی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد چوہدری شجاعت حسین کا پہلا بیان آگیا

لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نفرت کی سیاست ملک کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے مسلم لیگ ہاؤس کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک جن بحرانوں میں پھنس رہا ہے تمام پارٹیوں کی قیادت کو ایک ہونا پڑے گا، چاہے وہ حکومت کے ساتھ ہوں یا اپوزیشن کے ساتھ سب کو اختلافات بھلانا پڑیں گے کیوں کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت ہے کہ ملکی معیشت کو سیدھا کیا جائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کیا جائے، اپنے تمام اختلافات بھلا کر پاکستان کیلئے قربانی دینا ہوگی، ہم نے جو بھی اقدام کیا پارٹی آئین اور قانون کے مطابق کیا، کیوں کہ مسلم لیگ ق آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے۔ اس سے قبل بھی مسلم لیگ ق کے صدر سیاسی جماعتوں سے ملک کیلئے وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں، اس سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے، اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، چوہدری شجاعت حسین نے قومی سیاست میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے کوئی ایک سیاسی جماعت نہیں نمٹ سکتی، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں وسیع تر قومی اتفاق رائے قائم کریں اور تمام سیاسی جماعتیں مملکت خداداد کو بحرانوں سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائیں، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close