جیل بھرو تحریک ملک کیخلاف سازش قرار دیدی گئی

اسلام آباد (پی این آئی ) ن لیگ نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو ملک کیخلاف سازش قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک ملک کیخلاف سازش کی تحریک ہے،جیل بھرو کے نام سے جیل بچو تحریک چلائی جا رہی ہے۔

یہ کون سی تحریک ہے جس کا لیڈر پلستر باندھ کر زمان پارک میں بیٹھا ہوا ہے؟جیل بھرو تحریک کا آغاز عمران خان سے ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا اور ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا،جب بھی حالات بہتر ہوتے ہیں تو ایک نئے تماشے کا اعلان کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانے کا چور ہے،تمام ریاستی طاقتیں استعمال کر کے اپنی جیبیں بھریں۔ پی ٹی آئی نے 4 سال اپنے مخالفین کے خلاف اداروں کو استعمال کیا،عمران خان کے پاس عالمی سازش،القادر ٹرسٹ اور فارن فنڈنگ کا جواب نہیں۔ ن لیگ کی قیادت کیخلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،تحریک انصاف کی 4 سال کی نالائقی کی وجہ سے آج بجلی کا شارٹ فال ہے۔ہم نے ملک سے بے روزگاری ختم کرکے سی پیک جیسے منصوبے دیئے۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل عمران خان کی ڈیل ہے،آئی ایم ایف کی ڈیل کا سوال عمران خان سے بنتا ہے۔متوسط طبقہ مہنگی بجلی،گیس اور مہنگے گھی کیلئے 2022 تک روتا تھا،مہنگائی اور بے روزگاری کا بوجھ اس ملک پر کسی نے ڈالا ہے تو وہ عمران خان ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی،پرویز الہٰی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے،عمران خان بتائیں 5 لاکھ گھر اور 1 کروڑ نوکریاں کدھر ہیں؟ مریم اونگزیب نے کہا کہ پہلے کہتے تھے سازش ہوئی اب کہتے ہیں کوئی سازش نہیں ہوئی۔

عمران خان ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر کے چلے گئے،سابق وزیراعظم کو اپنے خلاف چارج شیٹ کا جواب دینا پڑے گا۔جیل بھرو تحریک ضمانتوں سے شروع نہیں ہوتی،عمران خان ڈرامہ بند کریں اور ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close