لاہور (پی این آئی) ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کو پی ٹی آئی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے،سینئر لیڈرشپ آئین کے مطابق اس پر عملدرآمد کرے گی، عمران خان نے پارٹی کا صدر بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، مسلم لیگ ق آج سے باقاعدہ پی ٹی آئی میں ضم ہوگئی ہے، پرویزالٰہی اپنے 10سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم مل کر آگے بڑھیں گے۔پرویزالٰہی، مونس الٰہی ،حسین الٰہی دیگر ساتھیوں نے پی ٹی آئی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں،پرویزالٰہی سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے، اب ایک نئے پاکستان کا خواب ضرور پورا ہوگا۔سینئر لیڈرشپ نے پرویزالٰہی کو پارٹی کا مرکزی صدر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، آئین کے مطابق آگے چلیں گے اور اس پر عملدرآمد ہوگا۔اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ترجمان فواد چودھری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کا احترام کرتا ہوں، عمران خان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے، ہرمشکل گھڑی میں ثابت کیا ہم نے عمران خان اور پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔
ہم ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،ہم کارکردگی میں ڈلیور کرکے دکھایا۔پہلے بھی بطور وزیراعلیٰ اور اب بھی 6ماہ میں ایسے کام کئے، جو آج تک نہیں ہوئے۔ عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے، کوئی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچے گا، ہم اپنے ساتھیوں کو مضبوط کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں