نیب نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کیخلاف بھی ایکشن لے لیا

اسلام آباد (پی این آئی) نیب نے توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔نیب نے عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے طلبی کا سمن جاری کر دیا۔ بشریٰ بی بی کو 9 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

نیب نے فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کو بھی طلب کر لیا،شاہ محمود قریشی کو 7 مارچ اور فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے نیب ٹیم کو بیرون ملک بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا،تحقیقات کرنے والی نیب کی ٹیم جلد یو اے ای روانہ ہو گی۔ قبل ازیں نیب راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو طلب کیا۔توشہ خانہ کیس میں نیب راولپنڈی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 9 مارچ کو طلب کیا ہے،نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔ڈی جی نیب راولپنڈی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں،نیب نے کابینہ ڈویژن اور توشہ خانہ سے عمران خان کے تحائف کا ریکارڈ حاصل کیا تھا۔نیب نے کیس میں کابینہ ڈویژن اور توشہ خانہ کے افسران کا ابتدائی بیان قلم بند کیا۔ نیب کے مطابق توشہ خانہ سے لیے جانے والے تحائف کی تحقیقات کی جا رہی ہیں،قطر کے چیف آف اسٹاف کی جانب سے دئیے جانے والے آئی فون کی انکوائری شامل ہے۔جبکہ 2020 میں سعودی شہزادے کی جانب سے دی جانے والی گھڑی،کف لنکس اور انگوٹھی بھی تحائف میں شامل ہے۔ یاد رہے کہ نیب نے 8 نومبر 2022 کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کیں،عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف کم قیمت پر لینے کا الزام ہے۔

دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں سیشن عدالت نے عمران خان کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 28 فروری تک مؤخر کر دی ہے۔ سیشن عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہو جائے گا،9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آ رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close