نئے چیئرمین نیب کیلئے 2 نام سامنے آگئے

اسلام آباد(پی این آئی)آفتاب سلطان کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین نیب کیلئے 2نام سامنے آگئے۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ منظور کرلیاہے، ذرائع کاکہناہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے چیئرمین نیب کیلئے 2 ناموں پر غور کیا جارہا ہے، سابق بیورو کریٹس عرفان الٰہی اور اعظم سلیمان کے نام چیئرمین نیب کیلئے زیرغورہیں۔یاد رہے کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)آفتاب سلطان نے

اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔سابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو آفتاب سلطان کو 21 جولائی 2022 کو چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب)تعینات کیاگیا تھا۔چیئرمین نیب آفتاب سلطان اپنے ایک بیان میں اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ چیزوں کا کہاگیا جس پر تحفظات تھے، موجودہ ماحول میں کام نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ استعفیٰ کچھ روز قبل دیا تھا، میرا استعفیٰ قبول کرلیاگیا، ہمارا اختتام اچھے موڑ پرہوا، وزیراعظم نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا،

میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان قانون کے مطابق چیزوں کو کرنے کے حق میں تھے اور ان پر گرفتاریوں کیلئے دبا ئوتھا۔آفتاب سلطان نے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔تقرر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھاکہ آفتاب سلطان کو قومی اسمبلی میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے درمیان مشاورت کے بعد چیئرمین نیب مقرر کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں