وفاقی وزیر امین الحق نے کون ساکریڈٹ احسن اقبال اور اسد عمر کو دے دیا؟

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا کریڈٹ وفاقی وزیر احسن اقبال اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو جاتا ہے ، سیاسی نظریوں سے بالاتر ہو کر ہم نے مردم شماری کرنی ہے،پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو اسکی بنیاد شفاف مردم شماری سے ہی ممکن ہے۔پیر کو وفاقی وزیر انفارمیشن و ٹیکنالوجی امین الحق نے خود شماری پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے،اس مردم شماری کا کریڈٹ وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ ساتھ سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو جاتا ہے۔ہمارا ہمیشہ مطالبہ رہا مردم شماری منصفانہ اور آزادانہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس بار مردم شماری میں وزارت آئی ٹی بھی کردار ادا کر رہی ہے۔ہم نے 44 وزارتوں اور کابینہ کو ڈیجیٹلائز کیاہے اوراب ہمارا ٹارگٹ ڈیجیٹل مردم شماری ہے جس میں ہم کامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریوں سے بالاتر ہو کر ہم نے مردم شماری کرنی ہے۔اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے تو اسکی بنیاد شفاف مردم شماری سے ہی ممکن ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا میں ڈیجیٹلائزیشن بڑھ رہی ہے،ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ہم نے تین سال میں 56 ارب کے 70 نئے مصوبے شروع کیے۔اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیوانے جب خواب دیکھتے ہیں تو ان کو پورا کرنا بھی چیلنج ہوتا ہے۔نادرا کو جب یہ پروجیکٹ ملا تو ہمارے پاس ٹائم کم تھا۔اس پروجیکٹ کو شروع کرنا عوام کیلئے بہت اہم ہے۔ڈیجٹیل مردم شماری معیشت اود جمہوریت کیلئے بہت اہم ہے۔پورٹل پر نادرا نے بہت محنت سے ملکر اس پورٹل کیلئے کام کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں