گیس قیمتوں میں اضافہ کن لوگوں کو متاثر کرے گا؟ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا انوکھا دعویٰ

کراچی(پی این آئی) وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صرف ملک کے امراء کو متاثر کرے گا۔ اس سے غریب لوگ متاثر نہیں ہوں گے۔ ایک بزنس کانفرنس میں شرکت کے لیے کراچی میں موجود وزیرمملکت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ ملکی وسائل پر اشرافیہ کے قبضے کی علامت ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنے فرٹیلائزر اور پاور پلانٹس کو 2ڈالر فی یونٹ پر گیس مہیا کرتا ہے۔ قطر میں یہ قیمت 3ڈالر اور بحرین میں 4ڈالر ہے۔ جبکہ پاکستان بالترتیب 70سینٹ اور ڈیڑھ ڈالر میں مہیا کر رہا ہے۔یہ ملک کے وسائل پر اشرافیہ کا وہ قبضہ ہے جس نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ کیا ہم سعودی عرب اور قطر سے امیر ہیں کہ ان پلانٹس کو ان کی نسبت کئی گنا سستی گیس فراہم کر رہے ہیں؟وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ملکی وسائل پر اشرافیہ کا قبضہ کوئی افسانوی بات نہیں، یہ حقیقت ہے۔ یہ قبضہ کروڑوں غریبوں سے مواقع چھینتا اور چند امراء کو وسائل پر اختیار دیتا ہے جن کے سیاسی روابط ہوتے ہیں۔ انہیں ڈیڑھ ڈالر فی یونٹ میں گیس ملتی ہے۔ اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close