کراچی (پی این آئی) کراچی پولیس چیف کی جانب سے حملے کی تصدیق، دہشتگردوں کی جانب سے بھاری اور جدید ہتھیار استعمال کیے جانے کا انکشاف، پولیس چیف کے دفتر میں دہشت گردوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کا بھی انکشاف۔
کراچی میں پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کئی حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ آفس پر حملہ کیا، عمارت کے اندر دستی بم پھینکے گئے۔صدر تھانے سے متصل ہیڈ آفس کے قریب شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ آفس کی عقبی دیوار سے دستی بم پھینکے اور عمارت میں داخل ہو گئے۔ حملے کے بعد پولیس ہیڈ آفس کی لائٹیں بند کر دی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ہیڈ آفس کے اندر سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کیے جانے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔پولیس ہیڈ آفس کے اندر محصور ایک پولیس افسر کی جانب سے اپنے افسران کو پیغام بھیجا گیا ہےکہ حملہ آوروں کی تعداد زیادہ ہے، حملہ آور گروپس کی شکل میں عمارت میں داخل ہوئے ہیں۔
جبکہ کراچی پولیس چیف کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے بعد پولیس کی مزید نفری اور رینجرز بھی وہاں پہنچ گئے، تاہم پولیس اور رینجرز کو عمارت میں داخل ہونے کی کوششوں پر مزاحمت کا سامنا ہے، حملہ آوروں کی جانب سے شدید فائرنگ کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں